منڈی بہاءالدین (نامہ نگار) سینئر صحافی خالد مانگٹ نے کہا ہے کہ ایم پی اے محترمہ حمیدہ وحیدالدین نے مانگٹ میں گورنمنٹ پرائمری سکول نمبر 2 کے کمروں کی تعمیر و مرمت کے لیے خصوصی گرانٹ فراہم کرکے نہ صرف تعلیمی سہولتوں میں اضافہ کیا ہے بلکہ اہلیانِ مانگٹ کے دل بھی جیت لیے ہیں۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں کے سرکاری سکول طویل عرصے سے بنیادی سہولتوں کے منتظر تھے، ایسے میں ایم پی اے حمیدہ وحیدالدین کی جانب سے جاری کردہ یہ گرانٹ بچوں کے بہتر تعلیمی ماحول کے لیے انتہائی اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے والدین اور اساتذہ نے بھی اس اقدام کو سراہا ہے اور اسے حقیقی عوامی خدمت قرار دیا ہے۔خالد مانگٹ نے مزید کہا کہ تعلیم کسی بھی علاقے کی ترقی کی بنیاد ہوتی ہے اور منتخب نمائندوں کی جانب سے ایسے عملی اقدامات ہی لوگوں کے اعتماد میں اضافہ کرتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی مانگٹ کے تعلیمی اداروں کی بہتری کے لیے مزید منصوبے لائے جائیں گے۔





