نومبر 2, 2026

پنجاب میں جعلی طبی مراکز کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں، 492 غیر قانونی مراکز سیل

نونانوالی ( ڈاکٹر غلام شبیر)  پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن (PHC) نے نومبر 2025 میں صوبہ بھر میں غیر قانونی طبی مراکز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 492 جعلی طبی مراکز بند کر دیے۔ میڈیا ریلیز کے مطابق کمیشن کی انفورسمنٹ ٹیموں نے 2,128 طبی مراکز پر چھاپے مارے، جن میں سے 492 مراکز ایسے پائے گئے جہاں مطلوبہ طبی قابلیت نہیں تھی۔

کمیشن کے اقدامات کے نتیجے میں مزید 291 غیر قانونی مراکز یا تو دوسری جگہ منتقل، رضاکارانہ بند یا وہاں پر دیگر قانونی کاروبار شروع کر دیے گئے۔ 1,123 مراکز جہاں مستند معالجین موجود تھے، انہیں قانونی تعمیل کے لیے نگرانی میں رکھا گیا۔

سب سے زیادہ چھاپے لاہور میں کیے گئے، جہاں 507 فیلڈ وزٹس ہوئیں اور 139 غیر قانونی مراکز سیل کیے گئے۔ دیگر اضلاع میں نمایاں کارروائیوں میں گوجرانوالہ (32)، رحیم یار خان (31)، فیصل آباد (26)، راولپنڈی (24) اور اوکاڑہ (21) شامل ہیں۔ شیخوپورہ، قصور، سیالکوٹ، بہاولپور، وہاڑی، سرگودھا، بہاولنگر، منڈی بہاؤالدین، پاکپتن اور نارووال میں بھی متعدد اتائی مراکز بند کیے گئے۔

پی ایچ سی کے ترجمان کے مطابق اب تک 248,000 طبی مراکز پر چھاپے مارے جا چکے ہیں، جن میں سے 64,000 غیر قانونی مراکز مستقل طور پر بند ہو چکے ہیں اور 30,000 سے زائد اتائیوں نے غیر قانونی کاروبار ترک کر دیا ہے۔