سرائے عالمگیر (ڈاکٹر تصور حسین مرزا) واسا گجرات نے مختصر مدت میں نکاسی آب اور سیوریج کے نظام میں غیر معمولی بہتری لاتے ہوئے شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کیا ہے۔ مشینری کی فوری اپ گریڈیشن، نالہ جات کی ایمرجنسی صفائی، تین آپریشنل زونز کے قیام، فیلڈ رسپانس ٹیموں کی دن رات محنت اور سیور مین کی بھرتیوں نے مجموعی کارکردگی کو مؤثر ترین بنایا ہے۔ جی آئی ایس میپنگ، اسمارٹ مانیٹرنگ، ای ریکوری اور 24/7 ہیلپ لائن جیسے جدید اقدامات نے سروس ڈلیوری کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے۔
ایم ڈی واسا گجرات انجینئر کاشان حفیظ بٹ نے یہ بات صدر بابائے صحافت پریس کلب وزیرآباد افتخار احمد بٹ کی سربراہی میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، وفد میں انجینئر نعیم قیصر نجمی اور رضا سلطان بھی شامل تھے۔ کاشان حفیظ بٹ نے بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے صاف ستھرا پنجاب وژن کے تحت واسا کا قیام ناگزیر تھا کیونکہ گجرات طویل عرصے سے بارشوں کے دوران سیلابی کیفیت، ابلتے گٹروں اور صاف پانی کی قلت جیسے سنگین مسائل کا شکار تھا۔
انہوں نے کہا کہ چارج سنبھالتے ہی ناکارہ مشینری کو بحال کیا گیا، مرکزی پوائنٹس پر نکاسی آب بہتر بنائی گئی، جبکہ فیلڈ ٹیموں کی براہِ راست مانیٹرنگ سے واضح بہتری سامنے آئی۔ حکومت پنجاب کی جانب سے 17 ارب روپے کی میگا سیوریج اسکیم اور ایک ارب روپے کی نئی مشینری کی منظوری گجرات کے شہری ڈھانچے میں دیرپا تبدیلی لائے گی۔
ایم ڈی واسا نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ گٹروں میں کچرا نہ پھینکیں، پانی کے ضیاع سے بچیں، گھروں کے سامنے ڈرین صاف رکھیں اور واسا کے ساتھ تعاون کریں تاکہ گجرات کو صاف، محفوظ اور صحت مند شہر بنایا جا سکے۔





