اکتوبر 29, 2026

ڈسٹرکٹ جناح پبلک سکول اینڈ کالج منڈی بہاؤالدین میں شاعر مشرق علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے پروقار تقریب کا انعقاد

منڈی بہاوالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور سے) ڈسٹرکٹ جناح پبلک سکول اینڈ کالج منڈی بہاؤالدین میں شاعر مشرق علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم تقریب کے مہمان خصوصی تھے جب کہ صدارت پرنسپل پروفیسر طارق جاوید نے کی ۔ تقریب میں بورڈ آف گورنر کے ممبران ، اساتذہ ، والدین اور طلباء طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔اس تقریب کا مقصد طلباء کو اقبال کے وژن، فلسفے اور نوجوانوں کے جذبے کو بیدار کرنے میں ان کے کردار سے روشناس کرانا تھا۔مختلف کلاسوں کے طلباء طالبات نے شاعر مشرق کی شاعری ، فلسفے اور پیغام کے حوالے سے تقاریر کیں اور علامہ اقبال کی تخلیقات پر مبنی ٹیبلوز اور چاروں صوبوں کی ثقافت پیش کر کے تقریب کو چار چاند لگا دئیے اور حاضرین سے خوب داد سمیٹی ۔سکول کے اساتذہ نے طلباء کو ان کی پرفارمنس کی تیاری میں مکمل تعاون اور رہنمائی فراہم کی اور بھر پور طریقے سے منظم اور متحرک جشن کو یقینی بنایا۔ پرنسپل پروفیسر طارق جاوید نے اپنے خطاب میں نوجوان نسل کے لیے اقبال کے پیغام کی اہمیت کو اجاگر کیا۔والدین نے بھی اس تقریب میں بھر پور شرکت کی اور سکول کے تعلیمی نظام اور ہم نصابی ماحول کے بارے میں مثبت تاثرات کا اظہار کیا۔اس تقریب نے طلباء میں ثقافتی اور فکری ترقی کو فروغ دینے کے لیے اسکول کے عزم کی کامیابی سے عکاسی کی۔