منڈی بہاوالدین (ڈاکٹر شاہد راٹھور) شاہ تاج شوگر ملز نے آج کرشنگ سیزن 2025–26 کا آغاز ایک پُروقار اور شاندار تقریب کے ساتھ کیا۔ اس سال کا سیزن نہ صرف چینی کی اعلیٰ پیداوار کے لیے امید افزا ہے بلکہ پاور پراجیکٹ کے ذریعے بجلی کی تیاری میں بھی نیا ریکارڈ قائم کرنے کی توقع ہے، جو ادارے اور ملک کی معاشی مضبوطی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر شاہ تاج شوگر ملز، عبد الوحید قریشی نے کہا کہ کسان بھائیوں کی محنت اور بہترین فصل اس سیزن کی کامیابی کی بنیاد ہیں، جبکہ محنت کش ادارے کی اصل طاقت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کی قیادت، کارکنان اور کسان مل کر ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

اس موقع پر ضلعی انتظامیہ نے بھی شرکت کر کے تقریب کی اہمیت میں اضافہ کیا۔ معزز شرکاء میں اے سی منڈی بہاوالدین عدنان بشیر واڑیچ، ڈی ایف سی عمار آصف وڑائچ، ڈی او انڈسٹری رانا سعید، ڈائریکٹر فنانس وقار احمد، ڈائریکٹر کین محمود احمد خالد، ڈائریکٹر ٹیکنیکل محمد اقبال جاوید، ڈائریکٹر ایڈمن چوہدری کریم الدین احمد، جنرل منیجر الیکٹریکل محمد انعام، جنرل منیجر کین قاضی محمد وسیم احمد، جنرل منیجر ٹیکنیکل ظہیر الدین بابر، جنرل منیجر پروڈکشن زاہد حسین، اور مزدور اتفاق یونین کے جنرل سیکرٹری مظہر اقبال گوندل و صدر سرفراز احمد بلوچ شامل تھے۔
یہ تقریب اس بات کا ثبوت ہے کہ کسان، محنت کش، ادارے کی قیادت اور ضلعی انتظامیہ مل کر ایک کامیاب، مضبوط اور روشن کرشنگ سیزن کے لیے متحد ہیں۔ شرکاء نے اس موقع پر کسانوں اور محنت کشوں کی محنت کو سراہا اور مستقبل میں بہتر پیداوار کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔





