اکتوبر 30, 2026

اسلام آباد خودکش حملہ ، چوہدری عابد رضا کی شدید مذمت، شہداء کے لیے دعا اور قوم سے اتحاد کی اپیل

کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار سے)اسلام آباد کچہری میں ہونے والے المناک خودکش حملے پر چوہدری عابد رضا نے شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ایک نہایت بزدلانہ اور انسانیت سوز فعل قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملہ نہ صرف پاکستان کے معاشرتی سکون پر حملہ ہے بلکہ ملک کے امن و استحکام کو چیلنج کرنے کی مذموم کوشش بھی ہے۔

چوہدری عابد رضا نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے، ان کے اہلِ خانہ کو صبر و حوصلہ عطا کرے اور زخمیوں کو جلد صحتیابی نصیب کرے۔ انہوں نے کہا کہ ان معصوم بے گناہوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور پوری قوم اس مشکل گھڑی میں اتحاد و یکجہتی کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف ڈٹ کر کھڑی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ملک پاکستان سے آخری دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھا جائے گا۔ چوہدری عابد رضا نے پاکستان کی سیکیورٹی فورسز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر وطنِ عزیز کے تحفظ کے لیے صفِ اول میں کھڑے ہیں۔ ان کے لیے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں مزید طاقت، استقامت اور کامیابی عطا کرے تاکہ وہ دہشت گردی کے اس ناسور کو ہمیشہ کے لیے ختم کر سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ابھی جاری ہے اور ریاستی اداروں کو چاہیے کہ مزید سخت اور مؤثر اقدامات کریں تاکہ پاکستان کو امن، انصاف اور ترقی کا گہوارہ بنایا جا سکے۔ آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو اپنی حفظ و امان میں رکھے، شہداء کی قربانیوں کو قبول فرمائے اور قوم کو متحد ہو کر اس آزمائش کا مقابلہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔