جون 22, 2026

شاہین شاہ آفریدی پاکستان ون ڈے ٹیم کے نئے کپتان مقرر

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو پاکستان کی ون ڈے ٹیم کا نیا کپتان مقرر کردیا ہے۔ پی سی بی کے اعلان کے مطابق شاہین شاہ آفریدی جنوبی افریقہ کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ یہ سیریز 4 نومبر سے 8 نومبر تک فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق شاہین شاہ آفریدی کی بطور کپتان تقرری کا فیصلہ اسلام آباد میں ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا۔ اس اجلاس میں قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید اور سلیکشن کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔

شاہین شاہ آفریدی اب تک پاکستان کی جانب سے 66 ایک روزہ اور 92 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں حصہ لے چکے ہیں جن میں وہ مجموعی طور پر 249 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ وہ 32 ٹیسٹ میچوں میں بھی قومی ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں جہاں انہوں نے 120 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل رواں سال کے آغاز میں شاہین شاہ آفریدی نے نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی پاکستان ٹیم کی قیادت کی تھی۔ یاد رہے کہ شاہین سے قبل وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان پاکستان ون ڈے ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دے رہے تھے۔

یہ نیا فیصلہ پی سی بی کی مستقبل کی حکمت عملی کا حصہ قرار دیا جارہا ہے تاکہ نوجوان قیادت کو آگے لا کر ٹیم میں نئی توانائی پیدا کی جا سکے۔