جون 7, 2026

ڈسٹرکٹ انڈسٹریل ہوم منڈی بہاؤالدین کے زیر اہتمام یوم آزادی کے حوالے سے تقریب کا اہتمام، مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ذوالفقار احمد تھے

منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور) ڈسٹرکٹ انڈسٹریل ہوم منڈی بہاوالدین کے زیر اہتمام یوم آزادی کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا گیا، تقریب کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ذوالفقار احمد تھے جبکہ دیگر مہمانان گرامی میں مینجر ڈسٹرکٹ انڈسٹریل ہوم وڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ،معروف سماجی رہنما زاہد محمود گوندل اور عنایت الرحمٰن گوندل تھے۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول سے ہوا۔ طالبات نے ملی نغمے اورتقاریر پیش کرکے وطن سے اپنی محبت کا اظہار کیا جن کو حاضرین نے خوب سراہا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ذوالفقار احمد کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان جیسا عظیم وطن طویل جدوجہد اور شہداء کی لازوال قربانیوں کا ثمر ہے۔ ہم سب پاکستان کے حصول اور ا س کے تحفظ اور استحکام کیلئے جانوں کے نظرانے پیش کرنے والوں کی شہادتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے اساتذہ کرام اورطالبات سے اپیل کی کہ وہ انفرادی و اجتماعی کاوشوں سے وطن کو عظیم سے عظیم تر بنانے میں اپنا خصوصی کردار ادا کریں۔ان کا کہنا تھا کہ یوم آزادی کے پر مسرت موقع پر ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ اپنے اسلاف کے دئیے ہوئے اس ملک کی سلامتی اور تحفظ کیلئے اپنے خون کا ایک ایک قطرہ بہا دیں گے اور ایمانداری اور دیانتداری سے مل کر اس ملک کی خدمت کرکے اس کو آگے لے کرجائیں گے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے تقریب کے بہترین انتظامات پر مینجر ڈسٹرکٹ انڈسٹریل ہوم، سٹاف اور طالبات کی کاوشوں کوسراہا۔مینجر ڈسٹرکٹ انڈسٹریل ہوم وڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ انڈسٹریل ہوم کا ادارہ خواتین کو خود کفیل بنانے اور انہیں بہترین ہنر سکھانے کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کر رہا ہے۔خواتین اپنے گھر کی خوشحالی کیلئے یہاں ہنر سیکھ کر اپنے خاندان اور بچوں کی بہترین کفالت و پرورش کر رہی ہیں۔ تقریب کے اختتام پر یوم آزادی کے حوالے سے کیک بھی کاٹا گیا۔