جون 7, 2026

منڈی بہاؤالدین: ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام یوم آزادی کی پرچم کشائی تقریب کاانعقاد، آغاز 8:58 پر سائرن سے کیا گیا، ریسکیو 1122،سکاؤٹس اورطلباء کے دستوں کی جانب سے سلامی پیش کی گئی

منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور) ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام یوم آزادی کی پرچم کشائی کی تقریب ڈی سی کمپلیکس میں منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز 8:58پر سائرن سے کیا گیا، جس کے بعد پرچم کشائی کی گئی اور قومی ترانہ احترام سے سنا گیا۔پولیس، ریسکیو 1122،سکاؤٹس اورطلباء کے دستوں کی جانب سے سلامی بھی پیش کی۔یوم آزادی کی باقاعدہ تقریب مقامی میرج ہال میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی ممبر قومی اسمبلی ناصر اقبال بوسال جبکہ دیگر مہمانان گرامی میں ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ، ممبر صوبائی اسمبلی خالد محمود رانجھا، ڈی پی او احمد محی الدین، صدر مسلم لیگ نون منڈی بہاوالدین مشاہد رضا،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ذوالفقار احمد سمیت دیگر تمام محکموں کے افسران،اساتذہ،طلباء و طالبات،معززین شہر،تاجربرادری، میڈیا نمائندگان اور عوام الناس کی کثیر تعداد موجود تھی۔ مختلف سکولز کے بچوں نے تقاریر،ٹیبلوز،ملی نغمے اور ملی ترانے پیش کر کے وطن سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔شرکاء کی جانب سے بچوں کی پرفارمنس کو سراہا گیا اور ہال میں موجود حاضرین نے بھرپور داد دی۔ تقریب میں ضلع منڈی بہاوالدین سے تعلق رکھنے والے سی ایس ایس کا امتحان پاس کرنے والے پانچ آفیسرز کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔مہمان خصوصی ممبر قومی اسمبلی ناصر اقبال بوسال کا کہنا تھا کہ آزادی کی قدر محکوم قوموں سے بہتر کوئی نہیں جانتا،پاکستان کی آزادی کیلئے جہاں ہمارے آباؤ اجداد نے لاکھوں قربانیاں دیں،وہاں ملک کے تحفظ اور استحکام کیلئے بھی لاکھوں افراد قربان ہوئے۔ ہم سب پاکستان کے حصول اور ا س کے تحفظ اور استحکام کیلئے جانوں کے نظرانے پیش کرنے والوں کی شہادتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ14اگست اہم ترین دن ہے، آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ اس ملک کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور اس کی سلامتی اور تحفظ کیلئے اپنے خون کا ایک ایک قطرہ بہا دیں گے۔ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے اور اس کا کوئی نعم البدل نہیں، خدا کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ ہم آزاد وطن کی فضاوں میں سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے عوام الناس بالخصوص طلباء،اساتذہ اور تمام شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والوں سے اپیل کی کہ وہ انفرادی و اجتماعی کاوشوں سے وطن کو عظیم سے عظیم تر بنانے میں اپنا خصوصی کردار ادا کریں اور پلانٹ فار پاکستان شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ ممبر صوبائی اسمبلی خالد محمود رانجھا، ڈی پی او احمد محی الدین اور صدر مسلم لیگ نون منڈی بہاوالدین مشاہد رضاکا مشترکہ طور پر خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان جیسا عظیم وطن حاصل کرنے کیلئے ہمارے آباؤ اجداد نے طویل جدوجہد اور لازوال قربانیاں دینا دیں۔ آج خوشی کے پرمسرت موقع پر ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم ایمانداری اور دیانتداری سے مل کر اس ملک کی خدمت کرکے اس کو آگے لے کر جائیں گے۔بعد ازاں یوم آزادی کے حوالے سے کیک بھی کاٹا گیا۔ تقریب کے اختتام پر تقاریر،ٹیبلوز،ملی نغمے اور ملی ترانے پیش کرنے والے بچوں کیلئے مہمان خصوصی ممبر قومی اسمبلی ناصر اقبال بوسال نے دو لاکھ جبکہ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا گیا۔ممبر قومی اسمبلی، ڈپٹی کمشنر، ممبر صوبائی اسمبلی، ڈی پی او اور مسلم لیگ نون کے صدر نے ڈسٹرکٹ جیل کا بھی دورہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون توڑنے پر جیل آنے والوں کو یہ عہد کرنا ہوگا کہ وہ رہائی کے بعد اپنی زندگی اچھے انداز میں گزار کر قابل فخر شہری بنیں گے۔بعد ازاں انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا بھی دورہ کیا، ا انہوں نے ہسپتالوں کے مختلف وارڈز میں جا کر مریضوں کی عیادت کیاور وہاں موجود مریضوں اور ان کے لواحقین میں مٹھائی تقسیم کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔ا نہوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے حوالے شہریوں میں پودے بھی تقسیم کئے۔