گجرات(نمائندہ خصوصی)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی سربراہی میں سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری پنجاب علی جان سیکرٹری سی اینڈ ڈیبلیو سہیل اشرف، ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک، ڈی پی او گجرات نے گجرات میں عزیز بھٹی شہید ڈی ایچ کیو ہسپتال کی فی میل سرجیکل وارڈ کے ستون پر زیادہ وزن آ جانے کی وجہ سے چھت بیٹھنے کے وقوعہ کا جائزہ لینے کے لیے دورہ کیا۔ضلعی انتظامیہ گجرات اور ہسپتال کی انتظامیہ نے وقوعہ کے بارے میں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کو تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے جائے وقوعہ پر چھت بیٹھنے والی وارڈ کا خود جائزہ لیا۔اس موقع پر بریفنگ کے دوران انتظامیہ نے بتایا کہ فی میل سرجیکل وراڈ کے نیچے والے حصہ پر مرمتی کام اود چھت پر سولر پینلز کی تنصیب کا کام جاری تھا، جبکہ واقعہ کے لئے انکوائری رپورٹ مرتب کی جا رہی ہے، ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک اور اے ڈی سی آر خضر حیات بھٹی اس کی انکوائری کر رہے ہیں۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ آج کے اس افسوس ناک واقع کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جبکہ آئیندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے صوبائی دفتر صحت سے تمام ہسپتالوں کے لئے ٹی او آرز / ایس او پیز جاری کئے جائیں گے، انہوں نے کہا ہے کہ ضلعی سطح پر ڈپی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک اور صوبائی سطح پر محکمہ سی اینڈ ڈیبلیو کا ریسرچ ونگ اس واقعہ کی تیکنیکی لحاظ سے انکوائری کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انکوائری اور کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔دوسری جانب صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے واقعہ میں ہلاک ہونے والی خاتون عظمت بی بی کے لواحقین سے اظہار افسوس کیا. انہوں نے اس واقعہ میں زخمی ہونے والے مریضوں کی عیادت کی اور ان سے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی طرف سے تیمارداری کی. انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی زخمی مریضوں کو تمام تر طبی سہولیات فراہم کی جائیں. انہوں نے متعلقہ حکام کو کو ہدایت کی کہ ہسپتال کے زمین بوس ہونے والے سٹرکچر کو فوری مرمت کیا جائے تاکہ عوام الناس کو علاج معالجہ کی سہولیات بلاتعطل جاری رہیں۔




