اپریل 19, 2026

جہلم: پرائیویٹ اداروں کی طرح سرکاری تعلیمی اداروں میں بھی اساتذہ کیلئے دوران ڈیوٹی موبائل کے استعمال پر پابندی عائد کی جائے:والدین کا مطالبہ

جہلم(چوہدری دانیال عابد)جہلم سمیت ضلع بھر کے سرکاری تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کے والدین، عوامی سماجی حلقوں نے مشترکہ طور پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کو متوجہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عرصہ دراز سے یہ بات مشاہدے میں آرہی ہے کہ سرکاری تعلیمی اداروں کے اندر دن بھر دوران ڈیوٹی اساتذہ جن میں مرد و خواتین شامل ہیں، موبائل کے ایک نشہ کی طرح بے جا استعمال میں مصروف دکھائی دیتے ہیں اس صورت حال کے پیش نظر سرکاری تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم قوم کے مستقبل کے نونہالوں کا مستقبل داؤ پر لگ چکا ہے، پھر سالانہ امتحان میں یہ طلباء و طالبات مختلف ذرائع کے استعمال کی وجہ سے کامیاب تو ہو جاتے ہیں لیکن ان طلباء و طالبات میں علمی معیار نام کی کوئی کرن موجود نہیں ہوتی اور معاشرہ شاکی رہتا ہے۔اس لئے سرکاری تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم کم آمدنی اور محنت مزدوری کرنے والے والدین اور عوامی سماجی حلقوں نے سرکاری اداروں میں زیر تعلیم بچوں کا مستقبل محفوظ کرنے کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات سے مطالبہ کیا ہے کہ پرائیویٹ اداروں کی طرح سرکاری تعلیمی اداروں میں بھی اساتذہ کے لئے دوران ڈیوٹی موبائل کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کی جائے تا کہ معززاساتذہ کرام اپنے فرائض منصبی پر توجہ دے سکیں اور زیرِ تعلیم طلبہ و طالبات کے مستقبل کو کلاس مانیٹرز کے رحم و کرم پر نہ چھوڑا جائے تاکہ وطن عزیز ترقی کی راہوں پر گامزن ہو سکے۔