کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) جماعت جلالیہ ضلع گجرات کی مجلسِ عاملہ کا ایک اہم اجلاس 11 اکتوبر بروز اتوار، مرکز تاجدارِ ختمِ نبوت، مظہر ٹاؤن گلیانہ روڈ، کھاریاں میں منعقد ہوا، جس کی صدارت صدر جماعت جلالیہ ضلع گجرات علامہ مولانا عبدالرحمن جلالی نے فرمائی۔ اجلاس میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات جماعت جلالیہ پاکستان حافظ لیاقت علی جلالی نے خصوصی شرکت کی، جبکہ اجلاس کی کارروائی مولانا اختر نورانی جنرل سیکرٹری جماعت جلالیہ ضلع گجرات نے چلائی اور مولانا حافظ شفیق احمد جلالی سیکرٹری اطلاعات جماعت جلالیہ ضلع گجرات نے اجلاس کے جملہ نکات تحریر کیے۔
اجلاس میں ضلع بھر سے جماعت کے ذمہ داران، کارکنان، مختلف شاخوں کے صدور، جنرل سیکرٹریز اور سرپرست حضرات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر جماعتی امور، تنظیمی ذمہ داریوں اور آئندہ کے اہم پروگراموں کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔
اجلاس کا اہم ترین ایجنڈا 18 نومبر بروز بدھ درگاہِ مقدسہ جلالیہ میں منعقد ہونے والے عرسِ مشائخِ بھکھی شریف کی تیاریوں اور انتظامات کا جامع جائزہ لینا تھا۔ اس موقع پر شرکائے اجلاس نے عرسِ مبارک کی دعوت کو ضلع بھر میں عام کرنے، کارکنان کو متحرک کرنے اور تمام شاخوں کی جانب سے بھرپور شرکت یقینی بنانے کے حوالے سے اپنی آرا و تجاویز پیش کیں۔
اجلاس میں باہمی مشاورت سے یہ فیصلہ کیا گیا کہ جماعت جلالیہ ضلع گجرات کی تمام شاخوں سے منظم قافلے 18 نومبر بروز بدھ درگاہِ مقدسہ جلالیہ بھکھی شریف کے لیے روانہ ہوں گے۔





