اکتوبر 3, 2026

جہلم: بہترین کارکردگی پر ڈی پی او کا لیڈی سب انسپکٹر اور ٹیم کے لیے انعام اور تعریفی سند کا اعلان

جہلم (محمد زاہد خورشید) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم شفیق احمد چوہدری نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر لیڈی سب انسپکٹر اور انچارج ایس ایس آئی او یو (SSIOU) کو نقد انعام اور تعریفی سند سے نوازا ہے۔

انچارج ایس ایس آئی او یو اور ان کی ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے دو لاپتہ بہنوں کو قلیل وقت میں لاہور سے بحفاظت تلاش کر کے لواحقین کے حوالے کیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں بہنیں گھریلو ناچاقی کے باعث ناراض ہو کر لاہور چلی گئی تھیں، جنہیں پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے کم وقت میں ٹریس کیا اور بحفاظت ان کے اہل خانہ کے سپرد کر دیا۔

اس موقع پر ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکار محکمہ پولیس کا قیمتی سرمایہ ہیں، اور ان کی حوصلہ افزائی سے دیگر اہلکاروں میں بھی مزید جذبے، لگن اور ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دینے کا رجحان پیدا ہوتا ہے۔

ڈی پی او نے مزید عزم ظاہر کیا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، قانون کی بالادستی اور عوامی خدمت کے لیے نمایاں کارکردگی کا سلسلہ آئندہ بھی بھرپور طریقے سے جاری رکھا جائے گا، جبکہ شاندار کارکردگی دکھانے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کا یہ سلسلہ بھی برقرار رہے گا۔