اسلام آباد: وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے دعویٰ کیا ہے کہ تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبرپختونخوا کے لوگوں نے رابطہ کرکے کہا ہے کہ "خدارا کوئی راستہ نکالیں۔” جیو نیوز کے پروگرام "کیپیٹل ٹاک” میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کا خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگانے کا تاحال کوئی باضابطہ فیصلہ سامنے نہیں آیا، تاہم گورنر راج یا ایمرجنسی لگانے کا آئینی آپشن موجود ہے۔
بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا تھا کہ یہ تاریخ پر تاریخ والا معاملہ ہے اور اس سے آگے کوئی عملی چیز نہیں ہے، یہ لوگ 4 اکتوبر سے بھی آگے جائیں گے کیونکہ پی ٹی آئی کی تیاری نہ پہلے مکمل تھی اور نہ اب ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے لوگوں نے ہفتے کے روز رابطہ کیا اور یہ اپیل کی کہ حالات کو سنبھالنے کے لیے کوئی راستہ نکالا جائے۔





