اکتوبر 2, 2026

ڈونلڈ ٹرمپ کا اقوام متحدہ میں خطاب: ایران کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرنے جا رہا ہوں، آئی سی سی کے بائیکاٹ کا مطالبہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ایران کے حوالے سے اہم فیصلہ کرنا ہے کہ آیا اسے تباہ کیا جائے یا دوبارہ پنپنے کا موقع دیا جائے۔ انہوں نے تہران پر الزام عائد کیا کہ وہ مشرق وسطیٰ میں جارحیت اور دہشتگردی کو فروغ دے رہا ہے، جب کہ معاشی تباہی اور 300 فیصد مہنگائی کے باعث ایرانی حکومت کمزور ہوئی ہے۔ ٹرمپ نے یقین ظاہر کیا کہ مڈٹرم انتخابات کے بعد ایران سے ڈیل ہو جائے گی، حالانکہ وہ خود ان انتخابات میں حصہ نہیں لے رہے۔

اپنے طویل خطاب میں امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ امریکا آج ماضی کے مقابلے میں زیادہ طاقتور، محفوظ سرحدوں اور 125 سال کی کم ترین کرائم ریٹ کے ساتھ عروج پر ہے، جبکہ امریکی بحریہ نے آبنائے ہرمز سے ایک ارب بیرل تیل نکلوایا ہے۔ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت جنگ ختم کرانے کا ذکر کرنے کے علاوہ تمام ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ بین الاقوامی فوجداری عدالت سے فوری مستعفی ہو جائیں کیونکہ کسی عالمی ادارے کو امریکی خودمختاری پر ایجنڈا مسلط کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔