کھاریاں (بیوروچیف) کھاریاں شہر میں ’’ستھرا پنجاب‘‘ کے تحت صفائی کے دعووں کے باوجود مختلف علاقوں میں جگہ جگہ نالیوں میں گندگی کے ڈھیر اور گلیوں و چوراہوں میں کوڑا کرکٹ جمع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ تعفن اور بدبو کے باعث شہری پریشان ہیں۔محلہ ستار پورہ کے رہائشی راجہ سہیل نے شکایت کرتے ہوئے بتایا کہ گلی حویلی کاشف بٹ والی میں کئی کئی ہفتوں تک ستھرا پنجاب کا صفائی عملہ نہیں آتا، جس کے باعث گندگی جمع رہتی ہے اور پورے محلے میں بدبو پھیلی رہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ متعدد بار شکایت کرنے کے بعد ہی صفائی عملہ متحرک ہوتا ہے۔راجہ سہیل کے مطابق اب بھی ستھرا پنجاب کے سپروائزر کو گلی کی صفائی اور پھیلی ہوئی بدبو کے حوالے سے شکایت کی گئی، تاہم تاحال صفائی عملے کا کوئی فرد موقع پر نہیں پہنچا۔اہلِ علاقہ نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ عملے کو پابند کیا جائے کہ وہ باقاعدگی سے صفائی کا نظام یقینی بنائے تاکہ شہریوں کو گندگی، تعفن اور بدبو سے نجات مل سکے۔



