ستمبر 12, 2026

امریکہ اور اسرائیل کی جنگ کے باوجود ایران سے پاکستان کی درآمدات میں تاریخی اور ریکارڈ اضافہ

موجودہ علاقائی کشیدگی اور جنگی صورتحال کے باوجود مالی سال 2025-26 کے دوران ایران سے پاکستان کی درآمدات میں شاندار اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس مالی سال کے دوران پاکستان نے ایران سے ایک ارب 39 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی اشیاء درآمد کیں، جو کہ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 12 فیصد زیادہ ہیں۔ صرف جون 2026 کے مہینے میں ایران سے درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 47 فیصد کا نمایاں اضافہ دیکھا گیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں مسلسل تیزی آرہی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چند سالوں سے پاکستان کا ایران سے درآمدات پر انحصار مسلسل بڑھ رہا ہے۔ مالی سال 2024-25 میں یہ حجم ایک ارب 24 کروڑ ڈالر، 2023-24 میں ایک ارب 3 کروڑ ڈالر، جبکہ 2020-21 میں یہ صرف 51 کروڑ ڈالر کے قریب تھا۔ معاشی ماہرین کے مطابق خطے کے بدلتے ہوئے حالات کے باوجود دوطرفہ تجارت کا اس طرح بڑھنا ایک اہم معاشی پیشرفت ہے۔