پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویزا درخواست میں گمراہ کن معلومات فراہم کرنے اور اہم حقائق چھپانے پر ڈومیسٹک کرکٹر حمزہ نذر کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کرتے ہوئے تمام ڈومیسٹک اور بین الاقوامی کرکٹ سرگرمیوں میں شرکت پر دو سال کی پابندی عائد کردی ہے جبکہ ان پر دس لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ پی سی بی کے مطابق اس معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس نے کھلاڑی کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا بھرپور موقع فراہم کیا، اور رپورٹ کی روشنی میں یہ فیصلہ کیا گیا۔
ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ غلط بیانی اور حقائق کو چھپانے کے عمل کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جاتا ہے اور کسی بھی فرد کو بورڈ، ملکی کرکٹ اور شائقین کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ پی سی بی کے اس اقدام کا مقصد ڈومیسٹک کرکٹ میں شفافیت اور ضابطہ اخلاق کی سخت پاسداری کو یقینی بنانا ہے۔




