اگست 6, 2026

ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز کے نئے انتظام کی مفاہمت آخری مرحلے میں، امریکا سے رابطے جاری

ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے ایک بیان میں انکشاف کیا ہے کہ آبنائے ہرمز پر ایران اور عمان کے مابین نئے انتظام کی مفاہمت اپنے آخری مرحلے کے قریب پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس نئے ماڈل کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہوگا کہ آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھول دیا جائے گا، بلکہ یہ پچھلے 60 برسوں سے جاری نظام سے بالکل مختلف ہوگا جس کے تحت جہازوں کے راستے کا ایک قابلِ ذکر حصہ ایرانی پانیوں سے ہو کر گزرے گا۔ جہازوں سے ٹرانزٹ فیس وصول کرنے کا حتمی معاملہ ایرانی قیادت کے فیصلوں اور امریکی رویے پر منحصر ہوگا۔

کاظم غریب آبادی کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کی طرف سے ایسے مثبت اشارے موصول ہوئے ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اپنے پرانے وعدوں پر دوبارہ عمل کرنے کے لیے آمادہ ہے۔ ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس ممکنہ ایران عمان ڈیل کے بعد آئندہ چند روز کے اندر امریکا اور ایران کے درمیان بھی ایک نئی ڈیل طے پانے کے واضح امکانات موجود ہیں۔