وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وہ وزیراعظم شہباز شریف کو مشورہ دیں گے کہ وفاقی کابینہ کے تمام وزراء کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے۔ جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم تمام وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ کسی تیسرے فریق سے کروائیں اور اس کے نتائج عوام کے سامنے رکھے جائیں تاکہ معلوم ہو سکے کہ کون سی وزارت کتنی کارکردگی دکھا رہی ہے۔ محسن نقوی نے اپنی کارکردگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ میں ان کی حاضری تقریباً 70 فیصد ہے، جبکہ ان پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے کہا کہ انہوں نے 30 سال کا سفر 3 سال میں طے کیا، وہ ان کے شکر گزار ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ آج بھی اس بات پر قائم ہیں کہ نظام مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے اور انہوں نے 80 سال سے جاری نظام کی خرابی کی بات کی تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے حکومت کو چارج شیٹ نہیں کیا کیونکہ وہ خود حکومت کا حصہ ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ ان کے اور وزیراعظم کے تعلقات خراب ہوں، تاہم حکومت اپنی آئینی مدت مکمل کرے گی اور شہباز شریف 5 سال وزیراعظم رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم 14 سے 16 گھنٹے کام کر رہے ہیں، ایف بی آر ریونیو میں اضافہ، سفارتی کامیابیاں اور دیگر اقدامات حکومت کی کارکردگی کا حصہ ہیں، اگر وزیراعظم کو بہتر نظام ملتا تو ملک مزید تیزی سے ترقی کرتا۔





