پشاور تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کو اسلام آباد کا رخ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ نوجوانوں کو کاکروچ کہتے ہیں، لیکن وہ انہیں علامہ اقبال کے شاہین سمجھتے ہیں۔ سہیل آفریدی نے نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ان کے قائد کو ان کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ملکی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک تباہی کی طرف جا رہا ہے، معیشت مشکلات کا شکار ہے اور موجودہ نظام ناکام ہو چکا ہے، تاہم تحریک انصاف کسی متبادل نظام کو تسلیم نہیں کرتی کیونکہ وہ ملک کی بڑی سیاسی جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے قائد عمران خان جیل میں ہیں اور کارکن ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ تحریک انصاف ریاست کے ساتھ رہی، لیکن ریاست نے ان کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کا مینڈیٹ چوری کیا گیا اور پارٹی رہنماؤں کو نااہل قرار دیا گیا۔ صدر تحریک انصاف خیبرپختونخوا جنید اکبر نے کہا کہ سب کو متحد ہو کر مقابلہ کرنا ہوگا، عمران خان کو جیل سے نکالنا ہے اور عوام انہیں دوبارہ وزیراعظم منتخب کریں گے۔ جلسے میں پارٹی رہنماؤں نے کارکنوں سے سیاسی جدوجہد جاری رکھنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔





