کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) بار ایسوسی ایشن کھاریاں کے صدر چوہدری خالد حسین شیخوچک ایڈووکیٹ کی زیرِ قیادت سیشن کورٹس کھاریاں کے قریب اوور ہیڈ برج کی تعمیر کے حوالے سے صدر آفس بار ایسوسی ایشن کھاریاں میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی نظامت کے فرائض چوہدری وقار امجد مرالہ ایڈووکیٹ، سیکرٹری بار ایسوسی ایشن کھاریاں نے سرانجام دیے۔
اجلاس میں بار کے سینئر ممبران کے علاوہ متعلقہ ٹھیکیدار سلیم اقبال اور محمد طفیل گجر، انسپکٹر نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) بھی موجود تھے۔ اجلاس کے دوران اوور ہیڈ برج کے منصوبے، تعمیراتی امور، منصوبے کے آغاز اور آئندہ کے لائحۂ عمل کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ بعد ازاں صدر بار کی قیادت میں بار کے عہدیداران، سینئر ممبران، متعلقہ حکام اور ٹھیکیدار نے مجوزہ مقام کا دورہ کرتے ہوئے موقع کا تفصیلی معائنہ بھی کیا۔
اس موقع پر صدر بار چوہدری خالد حسین شیخوچک ایڈووکیٹ نے سابقہ صدورِ بار کی کاوشوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
صدر بار نے مزید کہا کہ سال 2026ء میں منتخب ہونے کے فوراً بعد موجودہ صدر اور سیکرٹری بار نے دیگر اہم منصوبوں کے ساتھ ساتھ اوور ہیڈ برج کے منصوبے کو بھی ترجیحی بنیادوں پر اپنی توجہ کا مرکز بنایا۔ اس سلسلے میں منصوبے کی منظوری اور عملی پیش رفت کے لیے متعلقہ اعلیٰ حکام سے مسلسل رابطے کیے گئے، وزیراعظم پاکستان سے منصوبے کی منظوری حاصل کی گئی اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام کے ساتھ مسلسل روابط برقرار رکھتے ہوئے باقاعدہ فالو اپ کیا جاتا رہا۔
چوہدری خالد حسین شیخوچک ایڈووکیٹ صدر بار ایسوسی ایشن کھاریاں نے کہا کہ موجودہ قیادت کی روزانہ کی بنیاد پر مسلسل جدوجہد، مربوط کوششوں اور مؤثر پیروی کے نتیجے میں، الحمدللہ، سال 2026ء میں یہ اہم منصوبہ عملی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور اب اوور ہیڈ برج کی تعمیراتی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہونے جا رہا ہے۔ انہوں نے اس پیش رفت کو بار ایسوسی ایشن کھاریاں، وکلاء برادری، عدالتی افسران و عملہ، سائلین اور اہلِ علاقہ کے لیے ایک اہم اور خوش آئند پیش رفت قرار دیا۔
اس موقع پر متعلقہ ٹھیکیدار سلیم اقبال اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے نمائندہ محمد طفیل گجر، انسپکٹر NHA نے یقین دہانی کروائی کہ اوور ہیڈ برج کی تعمیراتی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز جلد کر دیا جائے گا اور منصوبے کو مقررہ معیار، فنی تقاضوں اور طے شدہ مدت کے مطابق بروقت مکمل کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔
صدر بار نے امید ظاہر کی کہ اوور ہیڈ برج کی تعمیر سے سیشن کورٹس کھاریاں آنے والے معزز وکلاء، سائلین، عدالتی افسران، عدالتی عملہ اور عام شہریوں کو آمدورفت میں نمایاں سہولت حاصل ہوگی۔ اس منصوبے کی تکمیل سے ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی، حادثات کے خدشات میں کمی آئے گی اور سیشن کورٹس کے اطراف آمدورفت کے موجودہ مسائل کے حل میں بھی مدد ملے گی۔
صدر بار اور سیکرٹری بار چوہدری وقار امجد مرالہ ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ بار ایسوسی ایشن کھاریاں اس اہم عوامی و فلاحی منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے گی۔ وکلاء برادری کے اجتماعی مفادات کے تحفظ، عدالتی نظام کی بہتری اور عوامی سہولت کے لیے مؤثر جدوجہد اور عملی کاوشیں جاری رکھی جائیں گی۔ صدر و سیکرٹری بار ایسوسی ایشن کھاریاں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ بار ایسوسی ایشن کھاریاں کے معزز وکلاء کی فلاح و بہبود، ان کے مسائل کے مؤثر حل اور بار کے ادارہ جاتی استحکام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے خدمت کا یہ سفر بھرپور عزم، ذمہ داری اور خلوص کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔





