منڈی بہاءالدین ( ڈاکٹر شاہد راٹھور) انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب عبدالکریم کے خصوصی احکامات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) منڈی بہاءالدین کامران عامر خان کی زیرِ قیادت ضلع بھر میں یومِ شہدائے پولیس نہایت عقیدت، احترام اور ملی جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر وطنِ عزیز، امنِ عامہ اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس افسران اور جوانوں کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس لائنز منڈی بہاءالدین میں منعقدہ پروقار تقریب میں ڈی پی او کامران عامر خان، شہدائے پولیس کے اہلِ خانہ، ایس پی انویسٹی گیشن عبدالمجید، ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز، پولیس افسران اور جوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا آغاز یادگارِ شہداء پر حاضری سے ہوا جہاں ڈی پی او نے پھولوں کا گلدستہ رکھا، فاتحہ خوانی کی، شہداء کے درجات کی بلندی، وطن کی سلامتی اور امن و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی، جبکہ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہداء کو شاندار سلامی پیش کی۔ اس موقع پر فضا "شہداء پولیس زندہ باد” کے نعروں سے گونج اٹھی۔
بعد ازاں ڈی پی او کامران عامر خان نے شہدائے پولیس کے اہلِ خانہ سے فرداً فرداً ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی، مسائل سنے اور متعلقہ افسران کو فوری حل کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پنجاب پولیس اپنے شہداء کے خاندانوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر ممکن فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جائے گا۔ اپنے خطاب میں ڈی پی او نے کہا کہ پنجاب پولیس کے شہداء قوم کا فخر، محکمہ پولیس کا سرمایہ اور ماتھے کا جھومر ہیں، جن کی لازوال قربانیاں ہمیشہ مشعلِ راہ رہیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ منڈی بہاءالدین پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیوں کے ساتھ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پوری جرات، عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیتی رہے گی۔ تقریب کے اختتام پر شہدائے پولیس کے اہلِ خانہ میں شہداء پیکیج کے چیکس اور تحائف تقسیم کیے گئے، جبکہ شرکاء کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانہ بھی دیا گیا۔ اس موقع پر شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ان کی بے مثال خدمات اور سنہری نقوش ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔





