تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اونٹاریو ( کینیڈا) میں سہ روزہ الہدایہ کیمپ 2026 میں ’’انسانیت سے اخلاقی پستی تک: اخلاقی و روحانی زوال‘‘ کے موضوع پر فکر انگیز خطاب کیا۔انھوں نے کہا کہ قوموں کی زندگی میں اخلاقی زوال یکلخت نہیں آتا، انسان کو نیکی اور بدی، دونوں راستوں کے انتخاب کی آزادی دی گئی ہے۔ اس کے مسلسل فیصلے، ماحول، صحبت اور تربیت ہی اس کی شخصیت اور مستقبل کی سمت متعین کرتے ہیں۔تربیتی کیمپ میں خواتین و حضرات اور نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے امریکہ،کینیڈا،یورپ ،برطانیہ سے شرکت کی اورکیمپ کو مغرب میں آباد مسلم خاندانوں کےلئے ایک نعمت قرار دیا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اپنے تربیتی خطاب میں کہا کہ ضمیر کی آواز کو مسلسل نظر انداز کرنے، خواہشات کی پیروی اور گناہوں کو معمول بنانے سے انسان بتدریج روحانی پستی کا شکار ہوتا ہے۔
حقیقی کامیابی تزکیۂ نفس، محاسبۂ ذات، ذکرِ الٰہی، صالح صحبت اور اخلاقی نظم و ضبط کے ذریعے ہی ممکن ہے۔شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے خواتین کی بھرپور شرکت کو الہدایہ کینیڈا کا حوصلہ افزا پہلو قرار دیتے ہوئے کہا کہ سوسائٹی کی اخلاقی تعمیر میں ماں کا کلیدی کردار ہے، اللہ کا شکر ہے منہاج القرآن کی دعوتی مساعی کے نتیجہ میں خواتین اسلام کی اخلاقی و روحانی تعلیمات کی طرف آ رہی ہیں،انھوں نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کینیڈا، مسلم یوتھ لیگ، منہاج ویمن لیگ، منہاج سسٹرز، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن، منتظمین اور رضاکاروں کو الہدایہ کیمپ 2026 کے تاریخی انعقاد پر مبارک باد دی۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ الہدایہ کینیڈا مسلم نوجوانوں کی روحانی، فکری اور علمی تربیت کا مستقل ادارہ بنے گا اور مستقبل میں امریکا سمیت پورے شمالی امریکا تک وسعت اختیار کرے گا۔افتتاحی تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، شیخ حماد مصطفیٰ المدنی القادری، شیخ احمد مصطفیٰ العربی القادری، ڈاکٹر فیصل اقبال خان، ڈاکٹر غزالہ قادری، خدیجہ قرۃ العین قادری اور دیگر علمی شخصیات بھی موجود تھیں۔




