اگست 4, 2026

کھاریاں: ڈوگہ کالونی میں ڈیری فارم کے مکان کی چھت گر گئی، خوش قسمتی سے جانی نقصان سے بچت

کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) کھاریاں شہر کی ڈوگہ کالونی میں بخشالوی اسٹریٹ پر علی فاؤنڈیشن اسکول کے قریب واقع ڈیری فارم میں مویشیوں کے لیے بنے مکان کے برآمدے کی چھت اچانک منہدم ہو گئی، جس کے نتیجے میں وہاں موجود فیملی کے افراد کو معمولی چوٹیں آئیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی دو گاڑیاں فوری طور پر عملے سمیت موقع پر پہنچ گئیں، جہاں امدادی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے معمولی زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دی جبکہ ایک خاتون کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دیا۔

ڈیری فارم کے ملازم نے بتایا کہ کچے مکان کا برآمدہ ٹپک رہا تھا اور وہ گھر کی خواتین کے ہمراہ چھت کی لپائی کا کام کر رہے تھے کہ اچانک یہ حادثہ پیش آ گیا، تاہم اللہ کا شکر ہے کہ اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ واقعے کے بعد علاقہ مکینوں نے بھی سکھ کا سانس لیا اور ریسکیو عملے کی بروقت رسائی پر اطمینان کا اظہار کیا۔