کھاریاں(قاری نصیر احمد کلیار ) ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین نے عزیز بھٹی شہید ٹیچنگ ہسپتال میں ڈاکٹر سید اسامہ طلعت اور ان کے خاندان کی جانب سے تعمیر کیے گئے نئے کانفرنس روم کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ ڈاکٹر سید اسامہ طلعت، جو اس وقت ہسپتال میں بطور ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ (HOD) خدمات انجام دے رہے ہیں، ان کے والد ڈاکٹر طلعت حسین بھی اسی ہسپتال میں بطور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (MS) خدمات سرانجام دے چکے ہیں، جبکہ خاندان کے دیگر افراد بھی بطور ڈاکٹر عوام کی خدمت سے وابستہ رہے ہیں۔
نیا کانفرنس روم ڈاکٹر اسامہ طلعت اور ان کے خاندان نے اپنے ذاتی عطیے سے تعمیر کروایا ہے، جہاں پوسٹ گریجویٹ (PG) ڈاکٹروں کی تربیت، پیشہ ورانہ اجلاس اور دیگر تعلیمی و انتظامی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔
ڈپٹی کمشنر نورالعین نے ڈاکٹر اسامہ طلعت کے خاندان کی ہسپتال اور طبی شعبے کے لیے خدمات کو سراہا اور انکی طرف سے اس کمیٹی روم کو میڈیسن ڈپارٹمنٹ کے لئے قابلِ قدر اضافہ قرار دیا۔
افتتاحی تقریب میں ڈاکٹر طلعت حسین، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سعود افضل، ڈاکٹر سید اسامہ طلعت اور ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کے ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔





