جولائی 29, 2026

پاکستان فٹبال فیڈریشن کی قومی مینز ٹیم کی فیفا آسیان کپ میں شرکت کی تصدیق

پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے قومی مینز فٹبال ٹیم کی اس سال ہونے والے افتتاحی فیفا آسیان کپ میں شرکت کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے، جس کے ساتھ ہی قومی ٹیم تاریخ میں پہلی بار کسی فیفا ایونٹ میں ایکشن میں نظر آئے گی۔ انڈونیشیا میں رواں سال ستمبر اور اکتوبر کے دوران کھیلے جانے والے اس ٹورنامنٹ کے ٹاپ ٹائر میں پاکستان کا مقابلہ بھارت، ملائیشیا، سنگاپور، انڈونیشیا، فلپائن اور تھائی لینڈ جیسی مضبوط ٹیموں سے ہوگا۔ پاکستان ان تین ممالک میں شامل ہے جنہیں اس ایونٹ کے لیے خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے اور شریک ٹیموں کو دو مختلف گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔

پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی کا کہنا ہے کہ قومی ویمنز فٹبال ٹیم کی فیفا سیریز میں شرکت کے بعد اب مینز ٹیم کا اپنے پہلے فیفا ایونٹ میں حصہ لینا پاکستانی فٹبال کی تاریخ کا ایک اہم ترین سنگ میل ہے۔ ان کے مطابق یہ ٹورنامنٹ قومی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے اور نامور حریفوں کے خلاف کھیلنے کا بہترین موقع فراہم کرے گا۔