جولائی 28, 2026

ٹروبا ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل، تیسرے دن کے اختتام پر ویسٹ انڈیز کو پاکستان کے خلاف 155 رنز کی برتری حاصل

ویسٹ انڈیز کے خلاف برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں جاری پہلا ٹیسٹ میچ اب ایک انتہائی فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ میچ کے تیسرے دن پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 199 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے آگے بڑھائی اور پوری ٹیم 282 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے کپتان شان مسعود نے 109 رنز کی شاندار اور ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جبکہ سلمان علی آغا نے 20 اور خرم شہزاد نے 19 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ دیگر بلے باز زیادہ مزاحمت نہ کر سکے جن میں محمد رضوان 12، عامر جمال 3، اور علی عثمان و محمد عباس بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جسٹن گریوز نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری اننگز 29 رنز کی برتری کے ساتھ شروع کی لیکن پاکستانی بولرز نے عمدہ آغاز کرتے ہوئے میزبان ٹیم کے ابتدائی 4 بلے باز صرف 43 رنز پر آؤٹ کر دیے۔ اس کے بعد بھی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور 80 رنز پر تاگی نارائن چندر پال 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ جسٹن گریوز 20 اور کپتان روسٹن چیس 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ تیسرے دن کے اختتام تک ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنا لیے ہیں اور یوں اسے پاکستان کے خلاف مجموعی طور پر 155 رنز کی برتری حاصل ہو چکی ہے۔ دن کے اختتام پر شیمار جوذف 22 اور کیمار روچ 5 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں، جبکہ پاکستان کی طرف سے دوسری اننگز میں محمد عباس نے 3 اور خرم شہزاد نے 1 وکٹ حاصل کی۔