جولائی 28, 2026

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور امریکی ارکان کانگریس کی ملاقات، اقتصادی ترقی اور علاقائی استحکام پر تبادلہ خیال

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق امریکی ارکان کانگریس نے جی ایچ کیو میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں امریکی وفد میں ریاستِ مونٹانا سے تعلق رکھنے والے رکن ایوانِ نمائندگان ریان کیتھ زنکے اور واشنگٹن سے تعلق رکھنے والے مائیکل جیمز شامل تھے۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال، اور دوطرفہ دفاعی و اقتصادی تعاون پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کی وسیع اقتصادی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پائیدار علاقائی استحکام کی بنیاد اقتصادی ترقی، تجارت کے فروغ اور علاقائی روابط میں مضمر ہے۔ انہوں نے کاروبار دوست ماحول کی تشکیل اور غیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اٹھائے جانے والے اصلاحاتی اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔ دوسری جانب، امریکی وفد نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے اہم کردار کو سراہا اور پاک امریکہ اقتصادی، تجارتی اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔