جولائی 30, 2026

ٹانک میں پولیس چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج کا بزدلانہ حملہ، 15 سکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 12 دہشتگرد ہلاک

آئی ایس پی آر کے مطابق فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے ٹانک میں پولیس چیک پوسٹ پر بزدلانہ حملہ کیا جسے سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی سے ناکام بنادیا۔ شدید دباؤ کا شکار حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرادی جس کے دھماکے سے انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا اور وطن کے 15 بہادر سپوت شہید ہوگئے۔ شہداء میں 12 فوجی جوان، 2 پولیس اہلکار اور محکمہ جنگلات کا ایک سرکاری اہلکار شامل ہے۔

سکیورٹی فورسز کی جوابی اور مؤثر کارروائی کے دوران غیرمعمولی جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرار ہونے والے 12 خوارج کو ہلاک کردیا گیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کسی بھی دہشتگرد کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔ ہمارے بہادر شہداء کی عظیم قربانیاں وطن کے دفاع اور قومی سلامتی کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔