ستمبر 14, 2026

فیفا کا ورلڈ کپ فائنل کے اختتام پر ناخوشگوار واقعات پر ارجنٹینا کے خلاف تحقیقات کا فیصلہ

عالمی فٹبال تنظیم فیفا نے ورلڈ کپ فٹبال فائنل کے اختتام پر ہونے والے ناخوشگوار واقعات پر تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے ڈسپلنری اور اخلاقیاتی پراسیکیوٹر مقرر کر دیا ہے جو فائنل میچ کے بعد کے واقعات کا جائزہ لے گا۔ رپورٹ کے مطابق جھگڑے میں ملوث کسی بھی کھلاڑی یا کوچ کو معطلی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور ارجنٹائن فٹ بال ایسوسی ایشن پر جرمانہ بھی عائد کیا جا سکتا ہے۔ فٹبال ورلڈ کپ فائنل میں اسپین کے ہاتھوں شکست کے بعد جب اسپین کے کھلاڑیوں نے فتح کا جشن منانا شروع کیا تو ارجنٹینا کی ٹیم اور کوچنگ اسٹاف کے بعض ارکان نے ان سے تلخ کلامی اور مار پیٹ کی تھی۔

ابتدائی طور پر فیفا نے اطلاع دی تھی کہ ریفری نے ارجنٹینا کے ایک کھلاڑی لیاندرو پاریڈیس کو ریڈ کارڈ دکھایا تھا لیکن کچھ دیر بعد پاریڈیس کا ریڈ کارڈ ریکارڈ سے ہٹا دیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ ورلڈ کپ میں ارجنٹائن فٹ بال ایسوسی ایشن کو انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل کے بعد پلیئرز کی جانب سے اٹھائے گئے بینر کی وجہ سے بھی جرمانے کا امکان ہے۔