امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے ترجمان شان پارنیل نے تصدیق کی ہے کہ 7 جولائی سے جاری ایران کے ساتھ جنگ میں اب تک تقریباً 100 امریکی فوجی زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے 96 فیصد فوجی علاج کے بعد دوبارہ ڈیوٹی پر واپس آ چکے ہیں۔ یہ انکشاف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ نے جمعہ کے روز ایرانی حملوں میں ہلاک ہونے والے مزید فوجیوں کی شناخت ظاہر کی ہے، جبکہ شمالی عراق اور اردن میں امریکی اڈوں پر ہونے والے جوابی حملوں میں ہلاکتوں میں مزید اضافے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق اردن میں حملے کے مقام سے ملنے والے ناقابل شناخت جسمانی اعضا کا جائزہ لیا جا رہا ہے جس سے ہلاکتیں بڑھنے کا اندیشہ ہے۔ اس سے قبل امریکی حکام مختلف حملوں میں 3 فوجیوں کی ہلاکت کا اعتراف کر چکے ہیں جبکہ ایک امریکی فوجی لاپتہ بھی ہے۔ واضح رہے کہ پینٹاگون کے مطابق اس سے پہلے 28 فروری سے اب تک مجموعی طور پر 14 امریکی فوجی ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔



