امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے 17 جولائی کو اردن میں ایرانی بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں اپنے 2 فوجیوں کی ہلاکت اور ایک اہلکار کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ سینٹکام کے مطابق، یہ حملہ اس وقت ہوا جب امریکی اور اتحادی دستے فضائی دفاعی کارروائی میں مصروف تھے۔ حملے میں زخمی ہونے والے 4 امریکی فوجیوں کو طبی امداد کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے، جبکہ ہلاک ہونے والے فوجیوں کے ناموں کا اعلان لواحقین کو اطلاع دینے کے 24 گھنٹے بعد کیا جائے گا۔
دوسری جانب، ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اردن میں امریکی ‘الازرق ائیر بیس’ کو نشانہ بنانے کا باضابطہ اعتراف کیا ہے۔ ایرانی دعوے کے مطابق، اس کارروائی میں 2 فائٹر جیٹس، 3 طیاروں سمیت اہم تنصیبات اور شیلٹرز کو تباہ کیا گیا ہے۔ روسی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ حملے سے قبل امریکی فوجیوں کا انخلا نہیں کیا گیا تھا، جس کے باعث جانی و مالی نقصان ہوا۔ خطے میں کشیدگی کی اس نئی لہر کے بعد امریکی اور اتحادی حکام صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔



