سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق عمرہ زائرین کی تعداد میں 22.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس میں سب سے زیادہ تعداد پاکستانیوں کی ہے۔ رواں سال 15 ذوالحج 1448 ہجری سے 29 محرم تک ڈیڑھ ماہ کے قلیل عرصے میں 9 لاکھ سے زائد زائرین نے سعادتِ عمرہ حاصل کی۔ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان سے 2 لاکھ، انڈونیشیا سے 1 لاکھ 70 ہزار اور عراق سے 1 لاکھ 30 ہزار زائرین نے مملکت کا سفر کیا۔
سعودی حکام کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق عمرہ ویزوں کا اجرا 31 مئی 2026 سے جاری ہے، جبکہ ویزوں کے حصول کی آخری تاریخ یکم شوال 1448ھ (9 مارچ 2027) مقرر کی گئی ہے۔ زائرین کے لیے مملکت میں داخلے کی حتمی تاریخ 15 شوال 1448ھ (23 مارچ 2027) اور واپسی کی آخری تاریخ 30 شوال 1448 ہجری (7 اپریل 2027) ہے۔ وزارت نے زائرین کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر سے قبل اپنی رجسٹریشن اور تمام سفری دستاویزات بروقت مکمل کر لیں تاکہ ادائیگیِ عمرہ کے دوران کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔



