وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایل اے 36 جموں 3 میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں ہونے والے حالیہ انتخابات ماضی کے انتخابات سے مختلف ہیں اور یہ کشمیر کاز سے محبت اور کشمیریوں کے تحفظ کا امتحان ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قائداعظم کے فرمان کے مطابق کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور ان انتخابات میں کشمیری مہاجرین کی رائے اور کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
خواجہ آصف نے سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ احسان فراموش عناصر قربانیوں کی اہمیت کو نظر انداز کر رہے ہیں۔ انہوں نے پاک فوج کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جس فوج نے چار سالوں میں چار ہزار سے زائد جانوں کے نذرانے دیے ہوں اسے گالی دینا افسوسناک ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہداء اور غازیوں کا رشتہ وطن سے محبت پر مبنی ہے اور یہ الیکشن کشمیریوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے تاریخ ساز ثابت ہوگا۔



