جولائی 17, 2026

میانمار: دو کشتیاں ڈوبنے سے 500 سے زائد افراد کی ہلاکت کا خدشہ، اقوام متحدہ کی وارننگ

اقوام متحدہ کے اداروں انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن (آئی او ایم) اور یو این ایچ سی آر نے مشترکہ بیان میں خبردار کیا ہے کہ میانمار کے ساحل کے قریب دو بڑی کشتیوں کے حادثات میں 500 سے زائد افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، یہ کشتیاں جون کے آخر میں میانمار کی جنگ سے متاثرہ ریاست راکھائن سے روانہ ہوئی تھیں، جن میں سوار زیادہ تر مسافر روہنگیا اقلیتی برادری سے تعلق رکھتے تھے۔ کچھ افراد کا تعلق بنگلادیش کے کاکس بازار میں قائم مہاجر کیمپوں سے بھی بتایا گیا ہے۔

اقوام متحدہ کے بیان کے مطابق، پہلی کشتی جس میں تقریباً 250 افراد سوار تھے، روانگی کے کچھ ہی دیر بعد لاپتا ہو گئی، جبکہ دوسری کشتی، جس میں 280 کے قریب افراد موجود تھے، 8 جولائی کو میانمار کے ایئیرواڈی ساحل کے قریب ڈوبنے کا خدشہ ہے۔ اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ فی الحال ان ہلاکتوں کی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ اداروں نے نشاندہی کی ہے کہ یہ سفر ایسے وقت میں کیا گیا جب سمندری حالات انتہائی خطرناک ہیں، اور حالیہ شدید بارشوں و سیلاب نے ان خطرات کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔