جولائی 17, 2026

ڈنگہ: کمپلیکس روڈ پر خسرہ نمبر 312 اور 313 کی عدالتی نیلامی مؤخر، آئندہ سماعت 22 جولائی مقرر

ڈنگہ (نامہ نگار) ڈنگہ کمپلیکس (خوشاب روڈ) سے متعلق خسرہ نمبر 312 اور 313 کی مجوزہ عدالتی نیلامی مؤخر، آئندہ سماعت 22 جولائی کو مقرر۔ سول جج کھاریاں جناب اورنگزیب گوندل کی عدالت میں زیرِ سماعت مقدمہ ”الطاف احمد بنام اشرف و دیگر” (دعویٰ دخلیابی بذریعہ تقسیمِ جداگانہ) میں 18 جولائی 2026 کو ہونے والی خسرہ نمبر 312 اور 313 کی مجوزہ سرِعام نیلامی فی الحال ملتوی کر دی گئی ہے۔ عدالتی ذرائع کے مطابق مقدمے میں جاری ڈگری کو چیلنج کیے جانے کے بعد عدالت نے نیلامی کی کارروائی روکنے کا حکم جاری کرتے ہوئے مزید سماعت کے لیے 22 جولائی 2026 کی تاریخ مقرر کر دی ہے، جس روز آئندہ قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل عدالت کی جانب سے خسرہ نمبر 312 (6 کنال 2 مرلہ) اور 313 (7 کنال 16 مرلہ) پر مشتمل جائیداد کی نیلامی کا اشتہار جاری کیا گیا تھا، تاہم تازہ عدالتی حکم کے بعد یہ کارروائی فی الحال مؤخر کر دی گئی ہے۔ اب اس معاملے میں آئندہ پیش رفت عدالت کے اگلے فیصلے کے بعد ہی سامنے آئے گی۔ قانونی ماہرین کے مطابق جن افراد کا مذکورہ خسرہ نمبرز سے متعلق کسی بھی نوعیت کا قانونی یا ملکیتی حق، فرد، رجسٹری، انتقال یا دیگر ریکارڈ موجود ہے، انہیں چاہیے کہ وہ عدالتی کارروائی پر نظر رکھیں اور ضرورت کے مطابق اپنے قانونی مشیر سے رہنمائی حاصل کریں تاکہ ان کے حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔