جولائی 16, 2026

گجرات میں ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے ہنگامی انتظامات، ڈی سی آفس میں این جی اوز کے ساتھ اہم اجلاس

گجرات میں سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر پیشگی حفاظتی اقدامات کو حتمی شکل دینے کے لیے ڈی سی آفس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت اے ڈی سی آر (ADCR) وقاص صفدر نے کی۔ اجلاس میں ضلع بھر کی 24 این جی اوز اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی، جنہیں ریسکیو، ریلیف، طبی امداد اور متاثرین کی بروقت بحالی کے حوالے سے ذمہ داریوں اور باہمی رابطہ کار کے نظام پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اے ڈی سی آر وقاص صفدر نے تمام اداروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی مشینری، رضاکاروں اور ضروری وسائل کو ہر وقت تیار رکھیں۔ انہوں نے محکمہ سوشل ویلفیئر گجرات کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفات اور ہنگامی حالات میں این جی اوز کا حکومتی اداروں کے ساتھ تعاون ہمیشہ مثالی رہا ہے، اور اب بھی کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر کارروائی کو یقینی بنانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کا آپس میں مربوط ہونا انتہائی ضروری ہے۔