جولائی 11, 2026

آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور ان کے اہل خانہ کی تدفین آج مشہد مقدس میں ہوگی، کربلا و نجف میں لاکھوں سوگواروں کی شرکت

ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور ان کے اہل خانہ کی تدفین آج مشہد مقدس میں روضہ امام رضا علیہ السلام کے احاطے میں کی جائے گی۔ گورنر آفس کے مطابق، تدفین سے قبل شہید آیت اللہ خامنہ ای کی میت کو رات گئے عراق کے شہر کربلا لایا گیا جہاں ان کے آخری دیدار اور تشییع جنازہ میں تقریباً 70 لاکھ سوگواروں نے شرکت کر کے عقیدت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ان کے جسد خاکی کو کربلا معلیٰ میں حضرت عباس علمدارؓ اور امام حسینؓ کے روضہ ہائے مبارک میں لے جایا گیا، جہاں انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے۔

کربلا لائے جانے سے پہلے آیت اللہ خامنہ ای کی میت کو نجف اشرف لے جایا گیا تھا، جہاں امیر المومنین حضرت علیؓ کے روضہ مبارک میں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی اور اس دوران روضے اور اس کے اطراف جمع ہونے والے عقیدت مندوں کی تعداد 38 لاکھ بتائی گئی۔ اس سے قبل، پیر کے روز ایران کے دارالحکومت تہران اور منگل کو مذہبی شہر قم میں بھی لاکھوں سوگواروں نے شہید سید علی خامنہ ای اور ان کے اہل خانہ کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی تھی، جس کے بعد اب ان کی آخری رسومات مشہد میں ادا کی جا رہی ہیں۔