ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے رابطہ کر کے خطے کی تازہ ترین اور حساس صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی ہے۔ ایران کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی تسنیم کے مطابق، ایرانی وزیر خارجہ نے گفتگو کے دوران حالیہ امریکی حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہیں اقوام متحدہ کے چارٹر اور اسلام آباد میمورنڈم آف انڈرسٹینڈنگ کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ایران کسی بھی قسم کی امریکی جارحیت کے خلاف مضبوطی سے کھڑا رہے گا، اور اگر امریکی حکام نے طے شدہ معاہدوں کی پابندی نہ کی تو یہ واشنگٹن کی جنگی پالیسیوں کا تسلسل تصور کیا جائے گا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے بات چیت کے دوران واضح طور پر خبردار کیا کہ اگر امریکہ کی جانب سے مستقبل میں کوئی بھی مزید فوجی کارروائی کی گئی تو ایران اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے دفاع سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گا۔ انہوں نے خطے میں امن و امان کی نازک صورتحال کے تناظر میں ایران کے اصولی موقف کو دہرایا اور قومی دفاع کے عزم کا اعادہ کیا۔





