کراچی کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت جنوبی نے معروف اینکر مرید عباس اور ان کے دوست خضر حیات کے قتل کے مقدمے کا فیصلہ سات سال بعد سناتے ہوئے جرم ثابت ہونے پر مرکزی ملزم عاطف زمان کو دو مرتبہ سزائے موت کی سزا سنادی ہے۔ جوڈیشل کمپلیکس جیل میں قائم عدالت نے اپنے فیصلے میں ملزم کو مقتولین کے ورثا کو پانچ، پانچ لاکھ روپے بطور معاوضہ ادا کرنے کا حکم بھی دیا، جبکہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں ملزم کو مزید سات سال قید اور پچاس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔
دوسری جانب، عدالت نے اس کیس کے مفرور شریک ملزم عادل زمان کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے اس کے خلاف قانونی کارروائی برقرار رکھنے کی ہدایت کی ہے، جو سپریم کورٹ سے درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد سے فرار ہے اور ٹرائل کورٹ اسے پہلے ہی اشتہاری قرار دے چکی ہے۔ واضح رہے کہ اینکر مرید عباس سمیت دو افراد کو نو جولائی دو ہزار انیس کو قتل کیا گیا تھا جس کا انصاف طویل قانونی عمل کے بعد سامنے آیا ہے۔





