جولائی 13, 2026

میجر لیگ کرکٹ: داسن شناکا نے آخری اوور کی 4 گیندوں پر 4 وکٹیں لے کر تاریخ رقم کر دی، سیئٹل اورکاس کی ڈرامائی فتح

میجر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ میں اتوار کے روز ایک انتہائی سنسنی خیز اور تاریخی مقابلہ دیکھنے کو ملا جہاں سری لنکا سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولر داسن شناکا نے آخری اوور میں کمال کرتے ہوئے مسلسل 4 گیندوں پر 4 وکٹیں حاصل کیں اور اپنی ٹیم سیئٹل اورکاس کو ٹیکساس سپر کنگز کے خلاف 9 رنز سے ایک ہاری ہوئی بازی جتوا دی۔ 122 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ٹیکساس سپر کنگز کی ٹیم آخری اوور میں 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر 107 رنز بنا چکی تھی اور اسے جیت کے لیے 15 رنز درکار تھے جبکہ کریز پر ڈونوون فریرا اور شبھم رنجانے کی سیٹ جوڑی موجود تھی، جہاں شناکا کے آخری اوور کی پہلی گیند پر رنجانے نے چوکا مارا اور اگلی گیند پر سنگل بنا جس کے بعد ٹیکساس کو 4 گیندوں پر 10 رنز چاہیے تھے۔ اس کے بعد میچ نے انتہائی ڈرامائی رخ اختیار کیا اور شناکا نے تیسری گیند پر فریرا کو کلین بولڈ کیا، چوتھی گیند پر کیلون سیویج کو لانگ آن پر کیچ آؤٹ کروایا، اور پھر پانچویں یعنی ہیٹ ٹرک گیند پر ایڈم ملن کو وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی، جبکہ آخری گیند پر امشی ڈی سلوا کو شمرون ہیٹ مائر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر میجر لیگ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار 4 گیندوں پر 4 وکٹیں لینے کا منفرد ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔