جولائی 17, 2026

کھاریاں میونسپل کمیٹی کی نااہلی؛ مہینوں سے پانی بند مگر واٹر سپلائی کے بل جاری، اہل علاقہ کا بل معاف کرنے کا مطالبہ

کھاریاں ( طاہر اقبال سے)  کھاریاں کی اقبال سٹریٹ اور محلہ نیا اڑا میں میونسپل کمیٹی کی مبینہ نااہلی کے باعث گزشتہ کئی ماہ سے واٹر سپلائی کا نظام مکمل طور پر مفلوج ہو چکا ہے اور شہریوں کے گھروں میں پانی کی بوند بوند نایاب ہے۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ ایک طرف تو انہیں بنیادی ضرورتِ زندگی یعنی پانی سے محروم رکھا گیا ہے، لیکن دوسری طرف میونسپل کمیٹی کی جانب سے متواتر واٹر سپلائی کے بل ارسال کیے جا رہے ہیں، جس سے عوام میں شدید تشویش اور غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ جب کمیٹی اپنے بنیادی فرائض سرانجام دینے میں بری طرح قاصر ہے تو پھر یہ بل کس مَد اور کس قانون کے تحت بھیجے جا رہے ہیں، کیونکہ بغیر سہولت فراہم کیے بلوں کی وصولی سراسر ظلم اور زیادتی کے زمرے میں آتی ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق یہ مسئلہ صرف اقبال سٹریٹ تک محدود نہیں بلکہ مجاہد کالونی کا ٹیوب ویل بور بھی گزشتہ دو سال سے پانی کی شدید کمی کا شکار ہے، جہاں کئی کئی گھنٹے موٹر چلانے کے باوجود عوام کو پانی میسر نہیں آتا۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ وہ اس سنگین مسئلے کے حل کے لیے بارہا میونسپل کمیٹی کے دفتر کے چکر کاٹ کاٹ کر تھک چکے ہیں، لیکن کمیٹی ملازمین یہ عذر پیش کر کے دامن چھڑا لیتے ہیں کہ گرمی کی شدت کے باعث زیر زمین پانی کی سطح نیچے چلی گئی ہے اور وہ بے بس ہیں۔ شہریوں نے افسرانِ بالا اور اعلیٰ حکام سے پرزور اپیل کی ہے کہ دو سال سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود نیا بور نہ کرنے والی نااہل انتظامیہ کا نوٹس لیا جائے، پانی کی فوری فراہمی کے لیے نیا انتظام کیا جائے اور پانی کی عدم دستیابی کے دوران بھیجے گئے تمام بلوں کو فی الفور معاف کرنے کا اعلان کیا جائے۔