سرائے عالمگیر(ڈاکٹر تصور حسین مرزا) معروف معالج ڈاکٹر عبدالغفور ملک گزشتہ کئی برسوں سے ضلع جہلم میں سرکاری میڈیکل کالج کے قیام کے لیے مسلسل کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس اہم عوامی منصوبے کے حوالے سے متعدد بار پنجاب حکومت اور وفاقی حکومت کو درخواستیں اور تجاویز پیش کیں تاکہ جہلم کے طلبہ و طالبات کو اپنے ضلع میں معیاری طبی تعلیم کی سہولت میسر آ سکے اس حوالے سے معروف سماجی شخصیت اور انچارج ایدھی ویلفیئر سنٹر جہلم، عبدالغفور چوہان
نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالغفور ملک کی یہ کاوشیں قابلِ قدر ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ حکومت اس دیرینہ عوامی مطالبے کو عملی شکل دے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع جہلم جیسے اہم ضلع میں سرکاری میڈیکل کالج کا قیام نہ صرف طلبہ کے روشن مستقبل بلکہ پورے خطے میں صحت کے نظام کی بہتری کے لیے بھی ناگزیر ہے۔
عبدالغفور چوہان نے وفاقی وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی سے اپیل کی کہ وہ ضلع جہلم کی نمائندگی کرتے ہوئے اس اہم منصوبے کو وفاقی سطح پر بھرپور انداز میں اٹھائیں۔ مزید انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر صحت جناب میجر جنرل ریٹائرڈ ڈاکٹر اظہر محمود کیانی اسے بھی درخواست کی کہ وہ پنجاب حکومت کی سطح پر اس منصوبے کے لیے خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے عملی اقدامات کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ وفاقی اور پنجاب حکومت عوام کے اس دیرینہ مطالبے کو مدنظر رکھتے ہوئے جلد ضلع جہلم میں سرکاری میڈیکل کالج کے قیام کا اعلان کرے گی، جو علاقے کے عوام اور طلبہ کے لیے ایک تاریخی تحفہ ثابت ہوگا





