جولائی 17, 2026

مفتی تقی عثمانی دوسری بار وفاق المدارس کے بلا مقابلہ صدر اور مولانا حنیف جالندھری ناظم اعلیٰ منتخب

جامعہ دارالعلوم کراچی میں وفاق المدارس العربیہ پاکستان کا ایک اہم اور مشترکہ انتخابی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک بھر سے آئے ہوئے ایک ہزار سے زائد ارکان نے شرکت کی۔ اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں معروف عالم دین مفتی محمد تقی عثمانی کو دوسری مرتبہ وفاق المدارس کا بلا مقابلہ صدر منتخب کر لیا گیا ہے، جبکہ جاری کردہ اعلامیے کے مطابق مولانا محمد حنیف جالندھری مسلسل ساتویں مرتبہ بلا مقابلہ ناظم اعلیٰ منتخب ہوئے ہیں۔

انتخابی عمل کے دوران جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے صدارت کے لیے مفتی تقی عثمانی اور ناظم اعلیٰ کے عہدے کے لیے مولانا حنیف جالندھری کے نام پیش کیے، جس پر اجلاس میں موجود تمام ارکان نے اتفاق رائے سے دونوں شخصیات کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ نو منتخب صدراور ناظم اعلیٰ اگلے 5 برس تک وفاق المدارس کی قیادت کے فرائض سرانجام دیں گے۔

اس موقع پر سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ نئی قیادت مدارس کے اتحاد اور اسلامی اقدار کے فروغ کے لیے مؤثر ترین کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں اس بات پر بھی زور دیا کہ کامیاب تحریکیں ہمیشہ اصول، بہترین حکمتِ عملی اور واضح پالیسی کی بنیاد پر ہی آگے بڑھتی ہیں، اور معاشرے میں اختلاف رائے کو ہمیشہ احترام، ٹھوس دلیل اور مکالمے کے دائرے میں رہنا چاہیے۔