جولائی 17, 2026

اسرائیل کا ‘ای ون’ منصوبہ فلسطینی ریاست کے جغرافیائی تسلسل کے لیے سنگین خطرہ ہے: اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار کا سلامتی کونسل سے خطاب

نیویارک میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے واضح کیا ہے کہ اسرائیل کا نئی بستیوں کی تعمیر کا ای ون منصوبہ فلسطینی ریاست کے جغرافیائی تسلسل کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ سلامتی کونسل میں خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں صورتحال مسلسل بگڑ رہی ہے اور وہاں بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں، جس پر سلامتی کونسل کے ارکان میں تشویش اور احتساب کے مطالبات سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آباد کاری کا پھیلاؤ بڑھ رہا ہے اور اسرائیلی آبادکاروں کے تشدد کی سطح اب تک کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، جو کہ دو ریاستی حل کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔

پاکستانی مندوب نے مزید کہا کہ سیکرٹری جنرل کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں 4 ہزار 750 رہائشی یونٹس کی منظوری انتہائی تشویشناک رجحان ہے، جبکہ فلسطینی اتھارٹی کی مالی رقوم کی بندش فلسطینی اداروں کو کمزور اور حکمرانی کو مفلوج کرنے کی دانستہ کوشش ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال اسرائیل نے فلسطینی ریاست کو بننے سے روکنے کے لیے ایک نئے منصوبے کی منظوری دی تھی، جس کے تحت مغربی کنارے اور یروشلم کے درمیان اسرائیلی آباد کاروں کے لیے 3401 گھر تعمیر کیے جائیں گے۔