جولائی 17, 2026

پی آئی اے کی نجکاری کا عمل مکمل: عارف حبیب کنسورشیم نے انتظامی کنٹرول سنبھال لیا

قومی ائیرلائن (پی آئی اے) کی ملکیت باضابطہ طور پر نئے مالکان کو منتقل کر دی گئی ہے، عارف حبیب کنسورشیم کے ذیلی ادارے پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ نے آج سے ائیرلائن کا انتظامی کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ پی آئی اے کارپوریٹ کمیونیکیشن ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری کا عمل کامیابی سے مکمل ہو گیا ہے، نئی انتظامیہ نے پیر 29 جون 2026 سے ائیرلائن کا انتظام سنبھال لیا ہے۔ پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ نے 180 ارب روپے میں پی آئی اے کی ملکیت حاصل کی ہے جس میں 55 ارب حکومت پاکستان کو حاصل ہوں گے جبکہ 125 ارب روپے کی پی آئی اے میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔ نئی سرمایہ کاری ائیرلائن میں آپریشنل اصلاحات، فضائی بیڑے کو جدید بنانے، نئے روٹس کے آغاز، ادارے کو ڈیجیٹل خطوط پر استوار کرنے اور پراڈکٹ کے معیار کو بہتر بنانے پر خرچ ہوگی۔ اس موقع پر چئیرمین پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ نے کہا کہ ہم پی آئی اے کے درخشاں ورثے کا احترام کرتے ہوئے اسے ایک جدید عالمی معیار کی ائیرلائن بنائیں گے۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ انوار علی حیدر پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ کے پہلے چئیرمین بنائے گئے ہیں۔ وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کے معاہدے کی پہلی مالی تکمیل کامیابی سے مکمل ہوگئی ہے، الحمدللہ! آج پاکستان کے معاشی اصلاحات کے سفر میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور ہوا، سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مستحکم کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ انتظامی کنٹرول کنسورشیم کو منتقل ہونے کے ساتھ ہی فضائی کمپنی کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہوگیا۔ وہ نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، بالخصوص فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو سراہتے ہیں، اور مشیر نجکاری محمد علی، وزیرخزانہ محمد اورنگزیب اور نجکاری کمیشن کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔