جون 21, 2026

بانی پی ٹی آئی سے ملاقات تک کوئی ڈرافٹ سائن نہیں ہوگا، خیبرپختونخوا کا بجٹ 48 ارب روپے خسارے کے ساتھ پیش: وزیراعلیٰ سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے دوٹوک انداز میں اعلان کیا ہے کہ جب تک انہیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان سے ملاقات کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی، تب تک وہ کسی بھی سرکاری یا آئینی ڈرافٹ پر دستخط نہیں کریں گے۔ خیبرپختونخوا اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارا یہ اصولی مطالبہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا بہترین ہسپتال میں علاج کروایا جائے اور ان سے ملاقاتیں بحال کی جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان سے ملاقات نہ ہونے تک صوبے کی جانب سے کوئی گرانٹ بھی فائل نہیں کی جائے گی۔

بجٹ تقریر کے دوران وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے صوبے کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کے غیور عوام نے مسلسل تیسری بار تحریک انصاف کی قیادت اور منشور پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے صوبائی مشیرِ خزانہ مزمل اسلم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انتہائی بہترین انداز میں فنانس کے معاملات کو چلایا ہے۔ وزیراعلیٰ نے تمام پارلیمنٹرینز کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے دن رات محنت کر کے بجٹ کو تیار کرنے میں اپنا کردار ادا کیا۔

سہیل آفریدی نے ایوان کو بتایا کہ پارٹی کے 92 ارکانِ صوبائی اسمبلی (ایم پی ایز) نے مل کر یہ فیصلہ کیا ہے کہ ہر صورت بجٹ پیش کیا جائے گا، جس کے تحت آج کا بجٹ 48 ارب روپے کے خسارے کے ساتھ ایوان میں پیش کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ کی بجٹ تقریر کے دوران اپوزیشن ارکان نے شدید شور شرابا کیا اور نعرے بازی کی، جس پر وزیراعلیٰ نے اپوزیشن کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے برجستہ جواب دیا کہ "حوصلہ رکھیں”۔ انہوں نے تقریر کے دوران ہی اسمبلی عملے کو ہدایت کی کہ شور مچانے والے اپوزیشن ارکان کو پانی پلایا جائے۔