وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے اور آنے والے دنوں میں پیٹرول کی قیمتوں میں مزید کمی دیکھی جائے گی۔ خرم شہزاد کا کہنا تھا کہ معاشی اصولوں کے تحت جس تیزی سے قیمتیں اوپر کی طرف جاتی ہیں، عالمی مارکیٹ کے اثرات کی وجہ سے اتنی جلدی نیچے نہیں آتیں، تاہم حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے پیٹرول کی قیمت میں 74 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے کی بڑی کمی کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق، اس تاریخی کمی کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 373 روپے سے کم ہو کر 299 روپے پر آ جائے گی، جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت بھی 378 روپے سے گھٹ کر 311 روپے پر پہنچ جائے گی۔ قیمتوں میں اس نمایاں کمی سے مہنگائی کے مارے عوام کو بڑا ریلیف ملنے کی امید ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں عزم کا اظہار کیا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں جو بھی کمی آئے گی، حکومت اسے من و عن اور فوری طور پر عوام تک منتقل کرتی رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں معاشی استحکام کو برقرار رکھنے اور مہنگائی کی شرح میں مزید کمی لانے کے لیے حکومت تمام مؤثر اور ضروری اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گی تاکہ عام آدمی کے معیارِ زندگی کو بہتر بنایا جا سکے۔





