قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا خوشخبری سنائی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ جیسے ہی تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی آئے گی، اس کا فائدہ براہِ راست قوم تک پہنچایا جائے گا، اور آج اسی وعدے کے مطابق خاطر خواہ کمی کا اعلان کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ عالمی سطح پر جنگ بندی کے بعد تیل کی قیمتیں تیزی سے نیچے آ رہی ہیں، جس سے خطے میں معاشی خوشحالی کی راہ ہموار ہوگی اور مشکلات کی وہ سیاہ رات ختم ہونے کو ہے۔ شہباز شریف نے اس کامیابی میں عسکری و سیاسی قیادت کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ تعلقات کے فروغ میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ محسن نقوی کی کاوشیں کلیدی رہی ہیں، اور انہیں اس بات کا فخر ہے کہ یہ کامیابی پوری قوم کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے پاکستان کا اعلیٰ سطحی وفد ایران جائے گا، اور دونوں ممالک آئندہ وقتوں میں انتہائی قربت کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید مستحکم کریں گے۔





